ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مدھیہ پردیش: صدر جمہوریہ مرمو کی تقریب میں شرکت کے لیے شہڈول جا رہی بس پلٹی، ایک شخص کی موت، کئی زخمی

مدھیہ پردیش: صدر جمہوریہ مرمو کی تقریب میں شرکت کے لیے شہڈول جا رہی بس پلٹی، ایک شخص کی موت، کئی زخمی

Tue, 15 Nov 2022 19:40:25    S.O. News Service

شہڈول، 15؍نومبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) مدھیہ پردیش کے شہڈول ضلع میں منعقد صدر جمہوریہ کی تقریب میں شریک ہونے جبلپور سے جا رہے لوگوں سے بھری بس کٹنی ضلع میں پلٹ گئی۔ اس حادثے میں ایک شخص کی موت واقع ہو گئی ہے اور دو درجن سے زائد مسافروں کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہو رہی ہے۔

شہڈول میں یومِ قبائل کے موقع پر ریاستی سطح پر قبائلی یومِ وقار تقریب منعقد کیا گیا۔ اس تقریب میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے بطور مہمانِ خصوصی حصہ لیا۔ ریاست کے الگ الگ حصوں سے سینکڑوں کی تعداد میں لوگ شہڈول پہنچے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جبلپور سے ایک مسافر بس کچھ لوگوں کو لے کر شہڈول کی طرف جا رہی تھی، تبھی یہ بس امریا پان تھانہ علاقہ کے سہورا روڈ پر پکریا گاؤں کے پاس بے قابو ہو کر پلٹ گئی۔ اس حادثے میں ایک شخص کی موت ہوگئی ہے اور 24 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ان سبھی کو مختلف اسپتالوں میں علاج کے لیے داخل کرایا گیا ہے۔


Share: